ٹولی چوکی فلائی اوور کی تعمیر مکمل ، افتتاح کیلئے تیار

چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ مدعو ، کمشنر و اسپیشل آفیسر جی ایچ ایم سی سومیش کمار کا عہدیداروں کے ساتھ دورہ

حیدرآباد ۔ 28 ۔ فروری : ( آئی این این) : ٹولی چوکی فلائی اوور برج کا تعمیراتی کام تقریبا مکمل کرلیا گیا ہے جس کو ٹریفک کے لیے بہت جلد بحال کردیا جائے گا ۔ کمشنر و اسپیشل آفیسر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر سومیش کمار نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کو فلائی اوور کے افتتاح کے لیے مدعو کیا جائے گا ۔ سومیش کمار اور بلدیہ کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے آج ٹولی چوکی فلائی اوور کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ کے لیے دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ فلائی اوور کے تعمیراتی لاگت 38.41 کروڑ روپئے ہوئی ہے جو کہ دو فلائی اوورس پر مشتمل ہے ۔ ایک مہدی پٹنم تا ہائی ٹیک سٹی جب کہ دوسرا ہائی ٹیک سٹی تا مہدی پٹنم پر مشتمل رہے گا ۔ تاہم مہدی پٹنم تا ہائی ٹیک سٹی جانے والے فلائی اوور کو مکمل کرلیا گیا ہے ۔ دو رخی فلائی اوور کی تعمیر کرنے کا مقصد موٹر گاڑیوں کی آسان طریقہ سے آمد و رفت کو ممکن بنانا ہے ۔ اسپیشل آفیسر و کمشنر جی ایچ ایم سی نے مزید بتایا کہ اس فلائی اوور کی تعمیر کے لیے کئی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ ٹولی چوکی چوراہے پر چونکہ ٹریفک کے سنگین مسائل پیدا ہوگئے تھے جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے علحدہ گریڈ کی تعمیر کا مقصد ٹریفک کے بہاؤ کو آسان اور سہل بنانا ہے ۔ مہدی پٹنم براہ گچی باولی ہائی ٹیک سٹی روانگی کے لیے یہ پل اہم ثابت ہوگا ۔ مسٹر سومیش کمار کے مطابق ٹولی چوکی تا گچی باولی علحدہ گریڈ کے ذریعہ ایکسپریس ہائی وے کے طور پر ترقی ملے گی ۔ 770 میٹر ٹولی چوکی فلائی اوور کی تعمیراتی تخمینہ لاگت 38.41 کروڑ روپیے رکھی گئی ہے ۔ فلائی اوور جائزہ دورہ کے موقع پر مسٹر سومیش کمار کے ہمراہ سنٹرل زون کمشنر این روی کرن ، چیف سٹی پلانر مسٹر ایس دیویندر ریڈی ، سپرنٹنڈنگ انجینئر سریدھر اور انجینئرنگ ، ٹاون پلاننگ سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ عہدیداران بھی شامل تھے ۔۔