ٹولی مسجد کی وقف اراضی کے تحفظ کیلئے دستخطی مہم

عوامی انصاف مومنٹ کا اعلان، مومنٹ کے قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 31 جنوری (سیاست نیوز) عوامی انصاف مومنٹ نے شہر حیدرآباد کے علاقہ کاروان میں واقع ٹولی مسجد (دامری مسجد) کے تحت موقوفہ وقف اراضیات کو ناجائز قابضین کے چنگل سے آزاد کروانے کی غرض سے عوام میں شعور بیدار کرتے ہوئے ایک دستخطی مہم کا آغاز کرکے زائد از 10 لاکھ افراد کی دستخطوں پر مشتمل ایک یادداشت کو حکومت تلنگانہ کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مسجد کے متعلق مسئلہ کو حکومت کے علم میں لاتے ہوئے وقف اراضی کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ آج یہاں صدر عوامی انصاف مومنٹ محترمہ خالدہ پروین، جنرل سکریٹری عوامی انصاف مومنٹ مسٹر خالد حسن اور مسٹر عثمان بن الہاجری نے پریس کانفرنس میں بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ کاروان میں واقع ٹولی مسجد جسے دامری مسجد بھی کہا جاتا ہے جو 1671ء میں عبداللہ قطب شاہ کے دور میں تعمیر کی گئی ہے، جس کے تحت 27 ایکڑ 30 گنٹہ وقف اراضی درج رجسٹر ہے جس پر ناجائز قبضہ ہے اور وقف اراضی پر غیرقانونی طور پر فلک بوس عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں جس کا کوئی پرسان حال نہیں۔ مومنٹ نے کہا وقف اراضی کو قبضہ سے آزاد کرواتے ہوئے اراضی کے تحفظ کو یقینی بنانے عوام میں شعور بیدار کرنے دستخطی مہم کا آغاز کیا جائے گا جبکہ ٹولی مسجد وقف اراضی کے تحفظ سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کے سلسلہ میں عوامی انصاف مومنٹ نے تحریک کے آغاز کی پہلی کڑی کے طور پر آج ٹولی مسجد وقف بورڈ اراضی کو ناجائز قابضین کے قبضہ سے آزاد کروانے سے متعلق پرنٹیڈ ٹی شرٹس اور کیاپس کی رسم اجرائی انجام دی ہے جبکہ اس سلسلہ میں دستخطی مہم کے علاوہ دیگر احتجاجی پروگرامس بھی منظم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی انصاف مومنٹ کی جانب سے اس وقت تک تحریک جاری رہے گی تاوقتیکہ ٹولی مسجد وقف اراضی کو ناجائز قابضین کے قبضہ سے آزاد نہ کروایا جائے۔ اس موقع پر عوامی انصاف ارکان مسرز محترمہ زرینہ بیگم، محترمہ تسلیم بیگم، اسلم خان، محترمہ سلطانہ یاسمین، مصباح عدنان، سید جلال الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں صدر عوامی انصاف مومنٹ محترمہ خالدہ پروین اور جنرل سکریٹری مسٹر خالد حسن نے ٹولی مسجد وقف اراضی کو ناجائز قابضین سے آزاد کروانے سے متعلق تحریر کردہ پرنٹیڈ ٹی شرٹس اور کیاپس کی رسم اجراء انجام دی۔