ٹریڈ یونین کی تائید و حمایت ، تلنگانہ ایمپلائز جے اے سی اسٹرینگ کمیٹی کا اعلان

مرکزی حکومت پر کارپوریٹ اداروں کو خانگیانے کا الزام ، رویندر ریڈی و دیگر کا بیان
حیدرآباد ۔31 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ایمپلائز جے اے سی اسٹیرنگ کمیٹی اجلاس میں 2ستمبر کی مجوزہ ٹریڈ یونین ہڑتال کو مکمل تائید وحمایت کا فیصلہ لیا گیا۔ اسٹیرنگ کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا صدر ٹی این جی اوز اسٹیٹ کمیٹی مسٹر رویند رریڈی نے بتایا کہ مرکزی حکومت سرکاری اور پبلک سیکٹر ( عوامی شعبہ) میںایف ڈی آئی کے ذریعہ کارپوریٹ اداروں کی اجارہ داری کو فروغ دے رہی ہے مرکزی حکومت کے اس اقدام کے خلاف منعقد ہونے والے ہر احتجاج کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ کول انڈیا لمیٹیڈ سے دس فیصد کی اپنی حصہ داری سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے حکومت نے کارپوریٹ کمپنی کو سرمایہ کاری کا جو موقع فراہم کیاہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ مرکزی حکومت پبلک سکیٹر کو خانگیانے کی بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی کررہی ہے۔ مسٹر رویند ریڈی نے کہاکہ اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی مرکزی حکومت نے مرکزی حکومت کے شعبے جات میںخدمات انجام دے رہے کنٹراکٹ اور آئو ٹ سورسنگ ملازمین کو مستقل کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا جو اب تک پورا نہیں ہوسکا اس کے علاوہ انہوں نے حکومت پر مرکزی حکومت کے محکمہ جاتی تقررات کے عمل میںتاخیر پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ لاکھوں جائیدادوں کو خالی رکھتے ہوئے مرکزی حکومت ریاست تلنگانہ میںبے روزگاری کو بڑھاوا دینے کاکام کررہی ہے۔ مسٹر رویند ر ریڈی نے مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں ‘ بالخصوص کنٹراکٹ اور آئوٹ سورسنگ ایمپلائز کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف انتباہ دیا۔ تلنگانہ میں سرکاری ملازمین 2ستمبر کو اپنے ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر کام کریں گے اور وقفہ لنچ میں معلنہ بند اور ہڑتال میں حصہ لیکر مرکزی حکومت کی عوام اور سرکاری ملازمین دشمن پالیسیوںکے خلاف برہمی کااظہار کریں گے۔صدر ٹی جی اوز ایم ممتا نے بتایا تلنگانہ کے سرکاری شعبہ جات جن کاتعلق مرکزی سے ہے ان میںسینکڑوں ملازمین مستقل ملازمت کے منتظر ہیں ۔ مرکزی حکومت ان ملازمین کے ساتھ انصاف کے بجائے پبلک سیکٹر کو خانگیارہی ہے۔انہوں نے ڈیفنس ‘ ریلویز کے بعد سنگارینی میں ایف ڈی آئی کے داخلہ کو عوامی نقصان قراردیا۔ مرکزی حکومت کی عوام اور سرکاری دشمن پالیسیوں کے خلاف منعقد ہونے والے ہر احتجاج کو تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسیشن کی جانب سے مکمل تائید وحمایت کا اعلان کیا ہے ۔ صدر ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد ایس ایم حسینی مجیب‘ ٹی جی اوز گریٹر حیدرآباد صدر ایم بی کرشنا یادو‘ شریمتی راچیل‘تروپتی یادیا‘ ای شیواجی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔