ٹرین کے آگے چھلانگ لگا کر دو بہنوں کی خودکشی

حیدرآباد ۔ /30 ستمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقے لال دروازہ سے تعلق رکھنے والی دو بہنوں نے اپو گوڑہ ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کے سامنے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ کاچی گوڑہ ریلوے پولیس کے بموجب 35 سالہ کے ساریکا اور 32 سالہ کے رجنی شادی کے رشتے طئے نہ ہونے کے نتیجہ میں ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئے تھے ۔ کل دوپہر دونوں بہنوں نے کسی کام کے بہانے مکان سے روانہ ہوئے اور مکان واپس نہیں لوٹے ۔ مقامی عوام نے دونوں کی نعشوں کو اپو گوڑہ یاقوت پورہ ریلوے اسٹیشن کے پٹریوں کے درمیان دستیاب ہونے پر ریلوے پولیس کو اطلاع دی ۔ ریلوے پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ کر تحقیقات کا آغاز کیا اور دونوں کی شناخت ساریکا اور رجنی کی ہونے کی توثیق کی ۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ شادی کے رشتے طئے نہ ہونے کے نتیجہ میں دونوں بہنیں ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئی تھیں جس کے نتیجہ میں یہ انتہائی اقدام کیا ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔