ٹرین حادثات میں دو افراد ہلاک

حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) نامپلی اور کاچی گوڑہ ریلوے پولیس حدود میں پیش آئے دو علحدہ ٹرین حادثات میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ جن کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ ریلوے پولیس نامپلی کے مطابق 50 سالہ نامعلوم شخص جو بھرت نگر اور صنعت نگر کے درمیان ریلوے لائین پر پیش آئے ٹرین حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے مطابق ایک شخص جو عمدہ نگر ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر گذر رہا تھا مشتبہ طور پر ٹرین کی پٹریوں پر گرکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ اس شخص کی عمر 55 سال بتائی گئی ہے ۔ تاہم اس شخص کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ ریلوے پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔

نارسنگی میں خاتون کی خودکشی
حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) نارسنگی کے علاقہ میں ایک خاتون نے خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 45 سالہ خاتون پنٹماں جو ڈاکرا گروپ کی رکن تھی ۔ شوہر کی اذیت سے دلبرداشتہ ہوگئی تھی ۔ گروپ میں رقم جمع کرنے کیلئے وہ اپنے شوہر سے رقم مانگ رہی تھی تاہم اس خاتون پنٹماں کا شوہر کرشنا اسے رقم نہیں دے رہا تھا بلکہ ٹال مٹول کرتے ہوئے اسے پریشان کر رہا تھا ۔ یہ خاندان جنواڑہ ضلع رنگاریڈی کا ساکن بتایا گیا ۔ 6 جنوری کے دن پنٹماں نے شوہر پر رقم دینے کیلئے دباؤ ڈالا اور بحث و تکرار ہوئی ۔ تاہم اس کے شوہر کی حرکت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس خاتون نے گذشتہ روز نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا اور کل رات دیر گئے فوت ہوگئی ۔