ٹرکس پر ’مودی آنے والا ہے‘پیغام کے ساتھ بی جے پی کی انتخابی مہم

لکھنؤ ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ’’مودی آنے والا ہے‘‘ یہ پیغام ایسے 200 ٹرکس پر تحریر کیا گیا ہے جنہیں انتخابی مہم کے پہلے مرحلہ میں یو پی کی راجدھانی سے سبز جھنڈی دکھائی گئی ہے۔ یہ ٹرکس بی جے پی کے ہیڈکوارٹرس سے اپنا سفر شروع کریں گے۔ ’’ہائی ٹیک‘‘ نوعیت کے یہ ٹرکس لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر پوری ریاست کا دورہ کریں گے جنہیں ’’رتھ‘‘ سے موسوم کیا گیا ہے اور اسی نوعیت کے 400 ٹرکس تیار کئے گئے ہیں۔ دریں اثناء ریاستی بی جے پی ترجمان جے بہادر پاٹھک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹرکس میں ویڈیو کی سہولت بھی دستیاب ہے

اور یہ ٹرکس دیگر کسی امیدوار کیلئے مہم نہیں چلائیں گے بلکہ عوام سے اپیل کریں گے کہ وہ نریندر مودی کو ہندوستان کا آئندہ وزیراعظم بنانے میں اپنے ووٹس کا استعمال کریں۔ اس سلسلہ میں 5X4 فیٹ اور 55 انچ کا ایک LED بھی تیار کیا گیا ہے جس کے ساتھ ایک بڑا اسکرین منسلک ہے جس پر راجناتھ سنگھ اور نریندر مودی کی تقریریں دکھائی جارہی ہیں۔ ہر ٹرک میں انورٹر، ایمپلفائر اور ڈی وی ڈی پلیر کی سہولت بھی موجود ہے۔ یہی نہیں بلکہ ایک ٹیلیفون نمبر کی بھی تشہیر کی جارہی ہے جہاں عوام کو ہدایت کی گئی ہیکہ اس نمبر سے ’’مسڈکال‘‘ کے ذریعہ نریندر مودی سے ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ مسٹر پاٹھک نے یہ بھی کہا کہ مذکورہ بالا تمام ٹرکس کے مصارف بی جے پی کی ریاستی یونٹ برداشت کرے گی۔