ٹروڈو کی جانب سے تنقید کینیڈا کو بہت مہنگی پڑے گی : ٹرمپ

دبئی ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کمزور انسان ہیں۔ ٹرمپ نے یہ بات سنگاپور میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اْن کے ساتھ تاریخی ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہی۔ٹرمپ نے خود پر عائد الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے حلیف تشویش کا شکار ہیں کیوں کہ امریکی صدر “امریکہ کے تاریخی دشمنوں کے ساتھ دوستوں والا معاملہ کر رہا ہے”۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ “ہر کوئی امریکہ کا استحصال کر رہا ہے۔ اس کی وجہ بدترین انتظامیہ اور صدور ہیں جنہوں نے اس پہلے کبھی تجارت نہیں کی اور نہ اسے سمجھا”۔امریکی صدر نے کہا کہ “ٹروڈو کے ساتھ میرا اچھا تعلق ہے اور کینیڈا کے ہمارے ساتھ بڑے مفادات ہیں بالخصوص تجارتی خسارے کے حوالے سے جس کا حجم 100 ارب ڈالر ہے۔ وہ لوگ ہماری زرعی مصنوعات لیتے ہیں جو کاشت کاروں ، مزدوروں اور کمپنیوں کے لیے ایک غیر منصفانہ امر ہے۔ جب میں نے متوازن محصولات وضع کیں تو انہیں یہ بات پسند نہیں آئی۔ وہ ہمیں تجارت میں قتل کر رہے ہیں۔ یہ ممالک ہمارا استحصال جاری نہیں رکھ سکتے”۔طیارے میں سوار ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے باور کرایا کہ کینیڈا کے وزیراعظم کی تنقید ان کے ملک کو بہت مہنگی پڑے گی۔جرمن چانسلر اینگلا میرکل کے حوالے سے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے میرکل کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ سوشل میڈیا پر زیر گردش تصویر کے حوالے سے ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ محض ایک دوستانہ مباحثہ تھا اور اس سلسلے میں تلخ کلامی سے متعلق جو کچھ پھیلایا گیا وہ بے بنیاد ہے۔