ٹرمپ کی کیوبا پر پابندی کی دھمکی

واشنگٹن۔یکم مئی(سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کیوبا کیخلاف پابندی لگانے کی دھمکی دی ہے ۔ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر کیوبا کی فوج وینزویلا میں اپنی مہمات کو فوری طور پر ختم نہیں کرتی ہے تو اس کیخلاف اعلی سطح پر مکمل پابندی لگائی جائیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کیوبا کے تمام فوجی فوری طور پر کیوبا لوٹ جائیں گے ۔اپوزیشن لیڈر جوآن گوائیڈو کی جانب سے وینزویلا کی فوج سے صدر نکولس مادرو کواقتدار سے بے دخل کرنے کی درخواست کے بعد سے امریکہ وینزویلا پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
مادرو نے کہا کہ گوائیڈو امریکہ کے ہاتھ کی کٹھ پتلی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ امریکہ یہاں بغاوت کی کوشش کر رہا ہے تاکہ ملک کے تیل کے وسائل کو کنٹرول کیا جا سکے ۔روس، چین، بولیویا، ترکی اور دیگر کئی ممالک نے کہا ہے کہ وہ مادرو کو وینزویلا کے واحد اور جائز صدر کے طور پر تسلیم کرتے ہیں۔