ٹرمپ کی ٹوئیٹ امریکی پالیسی نہیں:عباسی

اسلام آباد۔27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں حکومت پاکستان کے حوالے سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ٹوئیٹ کو امریکی پالیسی کا حصہ نہیں ہے ۔پاکستانی اخبار ‘ایکسپریس ٹریبیون’ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ سرکاری پالیسیوں کا ابلاغ ٹوئیٹ کے ذریعہ نہیں بلکہ باقاعدہ دستاویزات اور میٹنگوں کے ذریعہ کیا جاتا ہے “۔ مسٹر شاہد خاقان عبادسی نے کہا کہ ” زمینی حقائق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی باتوں کی تائید نہیں کرتے ہیں۔ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تئیں پابند عہد ہیں اور اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے “۔ انہوں نے کہا کہ “افغانستان میں امریکی فوجی مہم کے لئے پاکستان کسی ٹھیکے یا ادائیگی کے بغیر امریکہ کو مسلسل فضائی و زمینی مدد بہم پہنچارہا ہے اور صدر ٹرمپ کی ٹوئیٹ سے اس میں کسی طور اثرانداز نہیں ہوگی”۔ انہوں نے مزید کہا کہ “امریکہ نے پاکستان کو کوئی معاشی مدد نہیں فراہم کی ہے اور سکیورٹی کی امداد بھی برائے نام دی گئی ہے “۔ ان کا کہنا تھا کہ ” مغربی سرحد پر ہمارے دو لاکھ جوان دہشت گردی کے خلاف سرگرمیوں مصروف کار ہیں، جہاں ہمارے 6 ہزار 500 جوان شہید ہوچکے ہیں۔ بقیہ دنیا کی افواج جس دشمن کو افغانستان میں شکست دینے میں ناکام رہیں، ہم نے اس دشمن کو اپنے وسائل کا استعمال کرکے اسی علاقے میں ختم کیا ہے “۔