ٹرمپ کی مالیاتی دستاویزات حوالے کرنے عدالتی حکم

واشنگٹن ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست نیو یارک کی ایک عدالت نے جرمنی کے ڈوئچے بینک کو حکم دیا ہے کہ وہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی کاروباری اور مالیاتی مصروفیات سے متعلق دستاویزات امریکی کانگریس کو مہیا کرے۔ ان دستاویزات کی کانگریس کو فراہمی کا مطالبہ امریکی ایوان نمائندگان کی دو کمیٹیوں نے کیا تھا۔ اس مطالبے کے جواب میں ٹرمپ نے مقدمہ دائر کر دیا تھا، جس میں اب عدالت نے اپنا فیصلہ امریکی صدر کے خلاف دے دیا ہے۔ اس کے علاوہ نیو یارک کی علاقائی پارلیمان نے بھی یہ فیصلہ کیا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے ماضی میں جمع کرائی گئی ٹیکس دستاویزات بھی کانگریس کو مہیا کی جائیں۔ کانگریس ان دستاویزات کے جائزے سے یہ طے کرنا چاہتی ہے کہ آیا صدارتی دفتر اور ٹرمپ کی ملکیت کاروباری اداروں کے مفادات آپس میں متصادم ہیں۔