ٹرمپ، ہیلی اور نوریٹ نے ایوانکا کی کارکردگی کی ستائش کی

واشنگٹن۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی دختر اور مشیر ایوانکا ٹرمپ کی خاتون انٹر پرینرس کے فروغ اور ترقی کے لئے ہندوستان میں بہترین انداز سے گلوبل انٹرپرینرشپ پر کامیابی کے ساتھ شرکت کی ستائش کی۔ یاد رہے کہ ایوانکا اس وقت ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں ہیں جہاں وہ ایک اعلیٰ سطحی امریکی وفد کی قیادت کررہی ہیں حالانکہ یہ ان کا پہلا دورۂ ہندوستان نہیں ہے تاہم امریکی صدر کی مشیر کی حیثیت سے یہ ان کا پہلا دورہ ہے۔ رات دیر گئے اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے ایوانکا کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے ’’گریٹ ورک ایوانکا ‘‘تحریر کرتے ہوئے اپنی دختر کی ستائش کی۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے بھی ایوانکا کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ یہ دیکھ کر بہت اچھا لگا کہ ایوانکا ہندوستان میں خاتون انٹرپرینرس کو بااختیار بنانے کی کامیاب کوشش کررہی ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ میں نکی ہیلی ایک اعلیٰ سطحی عہدہ پر فائز ہونے والی پہلی ہندوستانی نژاد خاتون ہیں۔ نکی ہیلی نے یہ بھی کہا کہ وہ خود بھی عرصہ دراز سے ہندوستان کے دورہ کا منصوبہ بنا رہی ہیں لیکن ذمہ داریوں کی وجہ سے وہ ایسا نہیں کرسکیں، تاہم ایوانکا کے دورہ کے بعد اب وہ بھی جلد ہی ہندوستان کا دورہ کریں گی۔ دوسری طرف اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھرنیورٹ نے بھی ایوانکا کی صلاحیتوں کی ستائش کی اور کہا کہ اس وقت امریکہ کی نمائندگی کرنے والا ایوانکا سے بہتر کوئی نہیں۔ ایک نیوز کانفرنس کے دوران اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔