ٹرانسکو و جینکو ، ڈسکام اور ریڈکو کے عہدیداروں کی میعاد میں توسیع

برقی شعبہ کو نفع بخش بنانے پر حکومت کا اقدام
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاستی حکومت نے ریاست کے برقی اداروں میں خدمات انجام دینے والے تمام اعلیٰ عہدیداروں کے عہدوں کی میعاد میں توسیع کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ۔ صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر ٹرانسکو و جینکو مسٹر ڈی پربھاکر راؤ کے عہدے کی میعاد میں بھی توسیع دی گئی ۔ ان کے علاوہ ساوتھ ، نارتھ ، ڈسکام اور ریڈکو کے صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر رگھوما ریڈی گوپال راؤ ، جانسیا کے ساتھ 20 ڈائرکٹر کے عہدوں کی میعاد میں توسیع کرتے ہوئے بھی حکومت نے احکامات جاری کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے برقی شعبہ کو نفع بخش بنانے کے علاوہ فاضل برقی کو حاصل کرنے میں کامیابی کے لیے ان تمام عہدیداروں پر مشتمل ٹیم کی غیر معمولی نوعیت کی کارکردگی کی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہمیشہ ستائش کرتے رہتے ہیں جس کے پیش نظر ان تمام عہدیداروں کی میعاد ختم ہونے سے قبل ہی ان عہدیداروں کی میعاد میں توسیع کرنے کے حکومت نے اقدامات کئے ۔ ذرائع کے مطابق مسٹر پربھاکر راؤ ، رگھوما ریڈی ، گوپال راؤ اور جانسیا کے علاوہ ڈائرکٹرس کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے عہدیداروں نے برقی پیداوار اور برقی سربراہی میں بہتری پیدا کرنے میں اپنا اہم رول انجام دیتے ہوئے ریاست میں بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جس کے پیش نظر ہی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ستائش کرتے ہوئے میعاد میں توسیع کی ۔۔