ٹامل ناڈو چیف منسٹر کی جانب سے پلوامہ شہیدوں کے ورثہ میں تقرری احکام کی تقسیم

چینائی۔27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ٹامل ناڈو چیف منسٹر پلانی سامی نے چہارشنبہ کو پلوامہ حملہ میں ہلاک دو سی آر پی ایف جوانوں کے بیوائوں میں تقرری احکام حوالے کیئے۔ حکام کے مطابق تقرری احکام حکومت کی جانب سے دیئے گئے تیقن کہ مہلوک فوجیوں کے قریبی ورثہ کو ملازمت فراہم کی جائیں گی کے مطابق دو مہلوک جوان جی سبرامنیم اور سی سیوا چندرن کی بیوائوں کرشنا وینی اور گاندھی متی کو تقرری احکام حوالے کیئے۔ ملازمت کے علاوہ حکومت کی جانب سے مہلوکین کے ورثہ کو فی کس بیس لاکھ روپئے ریلیف رقم بھی دی گئی۔

جموں میں اسکول بند
جلوس نکالنے پر پابندی
جموں، 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے قبضے والے کشمیر میں دہشت گردوں کے کیمپوں پر ہندوستانی فوج کی کارروائی کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے چہارشنبہ کو جموں علاقے کے راجوری کشتوار ضلع کے اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے اور احتیاط کے طور پر جلوس نکالنے پر پابندی لگادی ہے ۔ ایک افسر نے کہا کہ راجوری ضلع میں سبھی اسکول اگلے حکم تک بند رہیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پانچویں، چھٹی اور ساتویں جماعت کے امتحانات کو ملتوی کردیا گیا ہے اور ان جماعتوں کے امتحان کی نئی تاریخ بعد میں اعلان کی جائے گی۔