ٹاس کے وقت نامناسب لباس،کوہلی پر شدید تنقید

سڈنی۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف 64 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن اسی میچ کے دوران معمولی غلطی پر وہ ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا کی تنقید کی زد میں آگئے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز سے قبل واحد پریکٹس میچ میں جب کوہلی سڈنی کرکٹ گرانڈ میں ٹاس کے لیے آئے تو انہوں نے کرکٹ کی روایات کے برعکس شارٹ (نیکر) پہن کر ٹاس کیا جبکہ دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا الیون کے کپتان سیم وائٹ مین اپنے مکمل کرکٹ لباس میں ٹاس کرنے آئے ۔ کوہلی کے اس عمل کو سوشل میڈیا پر زیادہ پذیرائی نہیں ملی اور کچھ لوگوں نے اسے جینٹل مین گیم کی تضحیک قرار دیتے ہوئے کپتان پر شدید تنقید کی۔ ہندوستانی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ کوہلی کے رویے سے یہ ظاہر ہوا کہ وہ کھیل اور اس کی ساکھ کا احترام نہیں کرتے ایک اور صارف نے لکھا کہ ایک وقت تھا کہ کپتان ٹاس کے وقت بلیزر(سوٹ) پہنا کرتے تھے۔ یہ رویہ بالکل قابل معافی نہیں۔ تاہم دوسری جانب بعض مداح ایسے بھی رہے جنہوں نے کہا کہ کوہلی کا یہ عمل اتنا برا نہیں تھا کیونکہ ہندوستان صرف ایک پریکٹس میچ کھیل رہا ہے۔