ٹاسک فورس کی گشت اور تلاشی سے ٹولی چوکی کے علاقوں میں سنسنی

حیدرآباد ۔ 31 جنوری (سیاست نیوز) ویسٹ زون ٹاسک فورس پولیس کی اچانک کارروائی سے آج ٹولی چوکی کے علاقوں میں سنسنی پھیل گئی۔ ٹاسک فورس کی اچانک گشت اور مکانات کی تلاشی سے الحسنات کالونی، پیراماؤنٹ ہلز و دیگر کالونیوں میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا۔ ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے غیرملکی افرد کی تلاشی کی جانکاری کیلئے اچانک کارروائی کی۔ ٹولی چوکی کے علاقوں کے علاوہ آصف نگر اور زیبا باغ کے علاقوں میں بھی کارروائی کی گئی اور مدت گذرنے کے باوجود مقیم 7 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔ سب انسپکٹر ویسٹ زون ٹاسک فورس مسٹر جلند ریڈی نے بتایا کہ جملہ 7 افراد کو جو افریقی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں، حراست میں لیا گیا۔ تاہم بعد میں تین افراد کو رہا کردیا گیا جنہوں نے اپنا پرمٹ پیش کیا۔ یہ غیرملکی شہری اپنے ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی یہاں مقیم ہیں اور قانون کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ ٹاسک فورس پولیس نے 4 افراد کو بنجارہ ہلز اور ہمایوں نگر کے حوالے کردیا۔