ٹائیگرووڈز کی 11 سال بعد بڑی کامیابی

جارجیا آگسٹا ۔15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے سابق عالمی نمبر ایک گولف کھلاڑی ٹائیگر ووڈز نے 11 سال بعد بڑے ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی ہے اورانہوں نے ماسٹرز خطاب حاصل کرلیا ہے۔ امریکی گالفر ٹائیگر ووڈز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولف کے چار بڑے میجرز میں سے سب سے اہم ماسٹرز ٹورنمنٹ میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ گذشتہ 11 سال میں یہ پہلا موقع ہے جب انھوں نے کسی بھی بڑے ایونٹ میں کامیابی حاصل کی ہو۔ جارجیا آگسٹا کے مقام پر کھیلے گئے ٹورنمنٹ میں یہ ٹائیگر ووڈز کی مجموعی طور پر پانچویں کامیابی ہے اور آخری بار انھوں نے یہ ٹورنمنٹ 14 سال پہلے جیتا تھا۔ ٹایئگر ووڈز نے ٹورنمنٹ مجموعی طور پر منفی 13 کے اسکور پر ختم کیا اور ان کے ان ہم وطن گولفرز ڈسٹن جانسن، زانڈر شاؤفلے اور بروکس کوئپکا نے منفی 12 کے اسکور کے ساتھ مشترکہ دوسرا مقام حاصل کی۔ تیسرے راؤنڈ تک برتری رکھنے والے اطالوی گالفر فرانچیسکو مولیناری کے لئے آخری راؤنڈ کافی مایوس کن رہا اور وہ اپنے ناقص کھیل کے باعث منفی 11 کے ساتھ پانچویں مقام پر رہے۔ سابق عالمی نمبر ایک ٹائیگر ووڈز جن کی زندگی کے گذشتہ چند سال خراب صحت اور تنازعات کی نذر ہو گئے تھے، انھوں نے اپنی 15واں میجر ٹورنمنٹ جیت کر کئی ان لوگوں کو کرارا جواب دیا جنھوں نے تبصرہ کیا تھا کہ وہ اب کبھی بھی کوئی اور میجر جیت نہیں سکیں گے۔ آخری گیند کو منزل پر پہنچانے کے بعد ٹائیگر ووڈز نے ہوا میں مکہ لہرایا اور چہرے پر بڑی سی مسکراہٹ لئے وہ جشن منانے کے لئے اپنے بچوں اور والدہ کے پاس گئے۔ میں بس کوشش کر رہا تھا کہ ساتھ ساتھ چلتا رہوں لیکن ایک دم سے میرے پاس برتری آگئی اور جب میں نے آخری ہول پرگیند کو اندر کیا تو مجھے نہیں معلوم میں نے کیا کیا، میں بھی زور سے چلانے لگا۔ میرے بچوں کو یہاں پر ہونا، یہ مجھے 1997 کی یاد دلاتا ہے جب میرے والد میرے ساتھ تھے اور اب میں خود دو بچوں کا باپ ہوں۔