وی وی پیاٹ مشین میں سانپ، ووٹروں میں خوف و سنسنی

کنور ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا کے حلقہ لوک سبھا کنور کے ایک پولنگ بوتھ میں ’’ایک غیرمعمولی مہمان‘‘ نے کچھ دیر کیلئے ووٹنگ کو روک دیا۔ واقعہ دراصل یہ ہیکہ اس حلقہ کے مائل کنڈاکاکی پولنگ بوتھ کے وی وی پیاٹ مشین کے اندر ایک چھوٹا سانپ پایا گیا۔ اس پولنگ بوتھ پر جہاں پورے جوش و خروش کے ساتھ بھاری پولنگ ہورہی تھی سانپ کی موجودگی کی اطلاع کے ساتھ ہی ووٹروں اور پولنگ عملہ میں ہراسانی و سنسنی پھیل گئی لیکن کچھ دیر بعد اس سانپ کو ہٹا لیا گیا اور پولنگ جاری رہی۔ کنور میں سی پی آئی ایم (ایل ڈی ایف) کے موجودہ رکن پارلیمنٹ پی کے سریمتی، کانگریس ۔ یو ڈی ایف کے کے سریندرن اور بی جے پی این ڈی اے کے سی کے پدمانابھن کے درمیان مقابلہ ہے۔