وی وی ایس لکشمن کی 42 ویں سالگرہ

آسٹریلیا کیخلاف 281 رنز نے کایا پلٹ دی ۔ حیدرآبادی لجنڈ کا چوتھی اننگز میں عمدہ ٹریک ریکارڈ
حیدرآباد ، یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق انڈین ٹسٹ کرکٹر وی وی ایس لکشمن آج 42 برس کے ہوگئے۔ ونگی پورَپّو وینکٹ سائی لکشمن کی پیدائش حیدرآباد، آندھرا پردیش (موجودہ تلنگانہ) میں یکم نومبر 1974ء کو ڈاکٹر شانتارام اور ڈاکٹر ستیہ بھاما (وجئے واڑہ ۔ گنٹور کا جوڑا) کے ہاں ہوئی۔ اُن کے والدین نامور فزیشنس رہے ہیں۔ لکشمن کی اسکولی تعلیم لٹل فلاور ہائی اسکول، حیدرآباد میں ہوئی۔ بعد میں وہ میڈیکل اسٹوڈنٹ کے طور پر اپنا نام بھرتی کرائے لیکن کریئر کے انتخاب میں میڈیسن پر کرکٹ کو ترجیح دیئے۔ لکشمن نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت رنز بنائے، یہاں تک کہ انھیں ٹسٹ ٹیم کیلئے طلب کیا گیا۔ حیدرآباد کیلئے لکشمن کے بعض شاندار سیزن گزرے اور وہ بڑی ڈبل سنچریوں کیلئے معروف ہوگئے۔ لکشمن کو بالخصوص کرکٹ کے حلقوں سے مبارکبادیاں ملی ہیں، جن میں ویریندر سہواگ اپنے مخصوص انداز کے ساتھ پیش پیش رہے۔ سہواگ نے ٹوئٹر کے ذریعہ مبارکبادی پیام میں کہا کہ اگر وی وی ایس جی (مشہور فلم) ’شعلے‘ میں ہوتے تو ’گبر‘ کہتا ’’یہ کلائی ہم کا دے دے لکشمن‘‘۔ یہ بات نمایاں ہے کہ لکشمن کی بیٹنگ میں کلائی کا استعمال کچھ اُسی طرح مثالی بن گیا جس کیلئے سابق کپتان محمد اظہر الدین بہت مشہور ہوئے۔ اُن کا ٹسٹ کریئر 1996ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف احمدآباد میں شروع ہوا جہاں انھوں نے دوسری اننگز میں ففٹی اسکور کی۔ پھر وہ ٹیم سے اندر اور باہر ہوتے رہے، یہاں تک کہ 2001ء کی انڈیا۔ آسٹریلیا سیریز نے لکشمن کیلئے کایا پلٹ دی۔ ایڈن گارڈن ٹسٹ میں لکشمن 281 کی غیرمعمولی اننگز کھیلتے ہوئے ٹسٹ کرکٹ میں اپنا قد بہت اونچا کرگئے۔ سورو گنگولی کی قیادت میں ’انڈین کرکٹ کے سنہرے دور‘ میں لکشمن مڈل آرڈر کی جان بن چکے تھے۔ یہ بات قابل ستائش ہے کہ انھوں نے سچن تنڈولکر، گنگولی، راہول ڈراویڈ اور ویریندر سہواگ جیسے لجنڈ بیٹسمنوں کی موجودگی میں اپنی علحدہ شناخت بنائی۔ خاص طور پر ٹسٹ کی چوتھی اننگز میں لکشمن نے میچ بچانے یا جتوانے والی کئی اننگز کھیل کر اپنی منفرد پہچان بنائی۔ اسی بناء کرکٹ کی نامور شخصیتوں نے انھیں اُن کے نام کے ابتدائی حروف (VVS) کی مناسبت سے ’’ویری ویری اسپیشل‘‘ کرکٹر کا لقب دیا۔ انھوں نے 134 ٹسٹ میں 8781 رنز (281 اعظم ترین اسکور) 17 سنچریوں اور 56 ففٹیز کے ساتھ بہ اوسط 45.97 اسکور کئے۔ لکشمن نے 86 او ڈی آئیز بھی کھیلے جن میں 2338 رنز (131 اعظم ترین) بہ اوسط 30.76 بنائے۔ ونڈے کرکٹ میں اُن کی 6 سنچریاں اور 10 ففٹیاں ہیں۔