وی آر او امتحان کی تمام تیاریاں مکمل

عادل آباد /30 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع عادل آباد میں جاریہ ماہ کی دو تاریخ کو منعقد کئے جانے والے VRO، VRA امتحان کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ یہ بات ضلع کلکٹر مسٹر احمد بابو نے بتاتے ہوئے کہا کہ اس امتحان میں جملہ 67 ہزار افراد کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن کیلئے ضلع میں 245 امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ امتحان میں شرکت کرنے والے افراد کو ایک گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پہونچنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایک منٹ کی تاخیر کو بھی ناقابل قبول قرار دیا گیا ۔

امتحانی مراکز پر دو منٹ کی ویڈیو گرافی کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے امتحان میں حصہ لینے والے افراد کو سیل فون ، کیلکولیٹر وغیرہ ساتھ رکھنے پر پابندی عائد کردی گئی ۔ امتحانی مراکز کے اطراف و اکناف زیراکس سنٹر کو بند رکھنے کے علاوہ پولیس کا معقول بندوبست اور دفعہ 144 نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ کڑی نظر رکھنے کی خاطر گشتی پولیس کو بھی ذمہ داری دی گئی ۔ VRO کے 65 ہزار VRA کے دو ہزار امیدواروں کے امتحانات کی ذمہ داری 831 عہدیداروں پر عائد کی گئی ہے ۔ امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو سہولت فراہم کرنے آر ٹی سی بس سرویس کا خصوصی انتظام ، امتحانی مراکز پر فرنیچر ، پینے کا پانی ، ابتدائی طبی سہولت کو بھی قطعیت دی جاچکی ہے ۔
٭ ٭ ٭