ویٹنگ لسٹ کے مزید درخواست گذاروں کی منظوری

حیدرآباد سے تقریباً 7500 عازمین حج کی روانگی
حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) جاریہ سال حج کمیٹی سے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری ہے کہ ویٹنگ لسٹ کے عازمین کی مزید منظوری کے امکانات ہیں۔ سنٹرل حج کمیٹی نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ آندھراپردیش اور تلنگانہ کے ویٹنگ لسٹ میں موجود تقریباً 850 تک عازمین حج کے ناموں کو آنے والے دنوں میں منظوری حاصل ہوگی۔ مختلف ریاستوں میں حج سفر منسوخ کرنے والے افراد اور ریاستی حج کمیٹی میں سفر منسوخ کرنے والے افراد کی جگہ ویٹنگ لسٹ سے عازمین حج کا انتخاب کیا جارہا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے مشورہ پر ریاستی حج کمیٹی نے تاحال ویٹنگ لسٹ کے 800 تک کے عازمین حج سے پاسپورٹ طلب کئے تھے جن میں سے 714 کے سفر کی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ توقع ہے کہ مزید تقریباً 100 عازمین حج کے سفر کی منظوری حاصل ہوجائے گی اور ویٹنگ لسٹ میں 850 تک عازمین کو حج کی سعادت حاصل ہوگی۔ حج کمیٹی نے 469 افراد نے ابھی تک اپنا سفر منسوخ کیا ہے جبکہ ریاستی حج کمیٹی کا کوٹہ 5379 ہیں۔ مرکزی کوٹہ اور محرم کے زمرہ میں 33 افراد کا انتخاب کیا گیا۔ اس طرح جملہ 6126 عازمین حج کے سفر کو پہلے ہی قطعیت دی جاچکی ہے۔ اس کے علاوہ ابھی تک 714 تک کی ویٹنگ لسٹ کی منظوری حاصل ہوگئی ہے۔ ریاستی حج کمیٹی کے عازمین نے آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والوں کی تعداد 1502 ہے جبکہ باقی تلنگانہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ کرناٹک کے گلبرگہ ، رائچور ، یادگیر اور ادگیر علاقوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً ایک ہزار عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جاریہ سال عازمین حج کو ایرپورٹ پر یوزر چارجس ادا کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ گزشتہ سال تک فی عازم 1910 روپئے بطور یوزر چارجس حاصل کئے گئے تھے۔
گزشتہ سال کرن کمار ریڈی حکومت نے یوزر چارجس میں 50 فیصد رعایت دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے رقم ادا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلہ میں 74 لاکھ روپئے منظور کئے گئے لیکن ابھی تک یہ رقم حج کمیٹی کو جاری نہیں کی گئی ۔ اگر یہ رقم جاری کردی جائے تو گزشتہ سال کے حجاج کرام کو فی کس 955 روپئے واپس کئے جائیں گے۔ اسپیشل آفیسر نے بتایا کہ جاریہ سال حیدرآباد سے تقریباً 7500 عازمین کی روانگی کا امکان ہے۔