ویوین رچرڈز کو پاکستانی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کا مطالبہ

لاہور۔ 29 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی سابق لیگ اسپنر عبدالقادر نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی موجودہ انتظامیہ پر بورڈ کے معاملات کو سیاستدانوں کی طرح چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے عظیم ویسٹ انڈین کرکٹر سر ویوین رچرڈز کو ہیڈ کوچ بنانے کا مطالبہ کیا۔ عبدالقادر نے کہا کہ پی سی بی وہی کھیل کھیلنے میں مصروف ہے جو ہمارے سیاستدانوں عوام کو دھوکہ دینے کیلئے کھیل رہے ہیں ۔ سیاستدان اور پی سی بی دونوں ہر مسئلے کے بعد ایک کمیشن بناتے ہیں جو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور توجہ ہٹانے کا طریقہ ہے۔پاکستان کی 2015 ورلڈ کپ، ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ ساتھ جونیئر ٹیم کی انڈر19 ورلڈ کپ کی ناکام مہمات کے بعد پی سی بی نے شائقین کرکٹ کی توجہ ہٹانے کیلئے مختلف چیزیں کیں لیکن انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔