ویسٹ انڈیز کے 421 کے جواب میں نیوزی لینڈ 330 پر آؤٹ

برسٹل۔29 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز نے شائی ہوپ کی شاندار سنچری اور بولروں کی نپی تلی بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں 91 رنز سے شکست دے دی۔ کرس گیل اور ایون لوئس نے اپنی ٹیم کو 7اوورز میں 59رنز کا آغاز فراہم کیا اور اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب گیل 22 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 36رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد لوئس کا ساتھ دینے شے ہوپ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 84رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور 143تک پہنچا دیا، لوئس 50رنز بنانے کے بعد جمی نیشام کی وکٹ بنے۔ہوپ 86گیندوں پر 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 101رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ نکولس پوران کی اننگز 9رنز پر تمام ہوئی۔285رنز پر 6وکٹیں گرنے کے بعد آندرے رسل اور کپتان جیسن ہولڈر کی جوڑی وکٹ پر اکٹھا ہوئی اور دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 39 گیندوں پر 82 رنزکی ساجھے داری بنائی۔ ہولڈر نے 47 اور رسل نے 25 گیندوں پر 54رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے جبکہ بریتھ ویٹ اور ایشلے نرس نے بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے 24 اور 21رنز کی اننگز کھیلیں۔ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 49.2 اوورز میں پویلین لوٹ گئی لیکن اس سے قبل وہ 421رنزکاہمالیائی اسکور بورڈ پر سجا چکی تھی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 4 جبکہ میٹ ہنری نے 9اوورز میں 107رنز کے بعد 2 وکٹیں لیں۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز تباہ کن تھا اور 33 رنز پر اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ بلنڈل نے 106 رنز کے باوجود پوری کیوی ٹیم 330 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔