ویسٹ انڈیز کے خلاف بنگلہ دیش 8 وکٹوں سے فاتح

ڈبلن ۔8 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرلینڈ میں جاری سہ رخی سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن بنگلہ دیشی بولرز مجموعی طور پر بہترین کارکردگی دکھائی۔ ویسٹ انڈیز کے اوپنر شائی ہوپ نے 132 گیندوں میں 109 رنز کی اننگز کھیلی لیکن دیگر میں سوائے چیس کے کوئی بھی اچھی بیٹنگ میں ناکام رہا حالانکہ اوپنرز نے 89 رنز کی ایک اچھی بنیاد فراہم کی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ صرف ایک رن کے اضافے پر گری جب تجربہ کار ڈیوون براووکو شکیب الحسن نے پویلین بھیج دیا تاہم چیس نے 51 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا۔ بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے چیس کی وکٹ حاصل کی جس کے بعد کارٹر11، کپتان جیسن ہولڈر 4 اور ڈاوریچ 6 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ50 اوورزمیں 9 وکٹوں پر 261 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو ایک آسان ہدف دے دیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مشرفی مرتضیٰ نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد سیف الدین اور مسفیض الرحمٰن نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کیلئے 144 رنز کا شاندار آغازکیا اور اس دوران دونوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ سومیا سرکار نے 68 گیندوں پر 73 رنز بنائے تمیم نے سب سے زیادہ 80 رنز بنائے تھے۔ تجربہ کار آل راونڈر شکیب الحسن نے بھی نصف سنچری بنائی اور مشفق الرحیم کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ میں اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کیا – بنگلہ دیش نے 45 اوورز میں باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا کر کامیابی حاصل کی ۔
شکیب الحسن 61 اور مشفق الرحیم 32 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ کو سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔