ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلہ میں نیوزی لینڈ کو شکست دی

آکلینڈ۔26ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے نچلی صف کے بیٹسمینوں کے ہمراہ تیز رفتار اور شاندار 43رنز اسکور کرتے ہوئے یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف منعقدہ پہلے ونڈے میں ٹیم کو سنسنی خیز دو وکٹوں کی کامیابی دلوائی اور اس کامیابی کے ذریعہ مہمان ٹیم نے پانچ مقابلوں کی سیریز میں 1-0کی سبقت حاصل کرلی ۔ویسٹ انڈیز جس نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو نہ صرف بیٹنگ کیلئے مدعو کیا بلکہ ڈیرن براؤو کی شاندار بولنگ کی بدولت اسے 42.1اوورس میں 156رنز پر ڈھیر کردیا ۔

جوابی اننگز میں ویسٹ انڈیز کو بھی مشکلات کا سامنا رہا جیسا کہ 19ویں اوورس میں صرف 94رنز کے مجموعی اسکور پر اسے اپنے پانچ کھلاڑیوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا لیکن سیمی نے 27گیندوں کی اپنی مختصر اننگز میں پانچ چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے ٹیم کو ایک اعصاب شکن اور سنسنی خیز مقابلہ میں کامیابی دلوائی ۔ ویسٹ انڈیز کیلئے دیگر بیٹسمینوں میں لنڈل سیمنس نے 43گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34رنز بنائے ۔

ڈیون براؤو نے 18گیندوںمیں تین چوکوں کی مدد سے 14 اور ڈیرن براؤو نے 14گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 12رنز اسکور کئے ۔ لوور آرڈر میں جیسن ہولڈر نے 9گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 10رنز اسکور کرتے ہوئے دوہرے ہندسے کو عبور کرنے والے بیٹسمین بنے ۔ ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کو شدید نقصان پہنچانے میں میزبان فاسٹ بولر مائیک کلین گھان نے کلیدی رول ادا کیا جیسا کہ انہوں نے 9.3اوورس میں 58رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ علاوہ ازیں کائیل ملس نے 8اوورس میں 37رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ بیٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے کے بعد نیوزی لینڈ ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا

جیسا کہ تنازعات اور زخموں سے صحت یابی کے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے جے سی رائیڈر پانچ گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے اُس وقت آؤٹ ہوئے جب ٹیم کا اسکور صرف دو رن تھا ۔ بعد ازاں ٹیم کے مجموعی اسکور پر دوسرے اوپنر مارٹن گپٹل بھی 17گیندوں پر دو رنز کی اننگز ختم کربیٹھے ۔ روی رام پال نے اوپنرس کو پویلین کی راہ جلد دکھاتے ہوئے میزبان ٹیم کو شدید نقصان پنچایا ۔

میڈل آرڈر میں کپتان برنڈن مکالم نے 57گیندوںمیں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51رنز اور ان کے بھائی نیتھن مکالم نے لوور آرڈر میں 64گیندوں کی اننگز میں 47رنز اسکور کئے جس میں دو چوکے اور تین چھکے شامل ہیں ۔ کیری جیمس اینڈرسن نے 21گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 13اور نیشم نے 28گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 10رنز اسکور کئے ۔ تاہم ان کے علاوہ دیگر کوئی بیٹسمین دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکا ۔ براؤو نے 10اوورس میں 44رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ روی رام پال نے 9اوورس میں 27رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی ۔نیز ہولڈر 7.1اوورس میں 21رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ سنیل نارائن نے 10اوورس میں کافی کفایتی بولنگ کرتے ہوئے 28رنز کے عوض ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔