ویراٹ کوہلی اور روہت شرما ونڈے درجہ بندی میں بدستورسرفہرست

دبئی۔18 مارچ۔ (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی کی نئی ونڈے درجہ بندی میںکیوی بیٹسمین مارٹن گپٹل نے دس درجے ترقی کی بدولت نواں مقام حاصل کر لیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی ایک درجہ بہتری سے پانچویں نمبر پر فائز ہوئے۔ وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک نے چار درجے چھلانگ لگا کر چوتھا مقام پر قبضہ کر لیا۔دریں اثناء ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ، روہت شرما بدستور پہلے اور دوسرے مقام پرفائز ہیں۔انگلینڈ کے خلاف حالیہ منعقدہ ونڈے سیریز میں شاندار بیٹنگ کرنے والے ویسٹ انڈیز کے اوپنر کرس گیل41 ویں سے 35 ویں مقام پر آگئے۔ اصغر افغان سولہ درجے ترقی سے 87 ویں مقام پر جا پہنچے۔ عثمان خواجہ 83 درجے بہتری کے ساتھ کیریئر بسٹ 25واں مقام حاصل کرلیا ہے۔ جوزبٹلر نے پانچ درجے ترقی سے 13ویں نشست سنبھالی۔ بولنگ میں نیوزی لینڈکے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ ایک درجہ ترقی سے دوسرے مقام پر آگئے۔ پیٹ کمنز 13درجے بہتری کے ساتھ ساتویں، مارک ووڈآٹھ درجے ترقی سے 24 ویں ، لونگی اینگیڈی 21درجے بہتری کی بدولت 26ویں ، جیسن ہولڈر نے 10درجے چھلانگ لگا کر 30 ویں نمبر پر رسائی حاصل کر لی۔