ویجلنس کمشنر راجو سی وی سی سربراہ

نئی دہلی 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویجلنس کمشنر راجو کو سنٹرل ویجلنس کمیشن کے سربراہ کی حیثیت سے خدمت انجام دینے کا مجاز قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ پرسونل اینڈ ٹریننگ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صدرجمہوریہ نے سی وی سی میں راجو کو ویجلنس کمشنر کے اختیارات تفویض کئے ہیں۔ 29 ستمبر 2014 ء سے اِس کا اطلاق ہوگا۔ سنٹرل ویجلنس کمشنر کی حیثیت سے کسی دیگر عہدیدار کے تقرر تک وہ خدمات انجام دیں گے۔ اتوار کوسنٹرل ویجلنس کمشنر پردیپ کمار نے اپنی میعاد مکمل کرلی تھی جس کے بعد یہ عہدہ خالی ہے۔

رام دیو کے ساتھی بالا کرشنا کے
خلاف کیس بند
نئی دہلی ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے یوگا گرو رام دیو کے قریبی ساتھی بالاکرشنا کے خلاف 2 سال پرانے رقومات کی غیرقانونی منتقلی کیس کو بند کردیا ہے۔ ان کے خلاف مبینہ جرائم سے متعلق کوئی ثبوت نہیں پایا گیا۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے انسداد غیرقانونی رقومات منتقلی قانون کے تحت کیس درج کیا تھا۔ ان پر الزامات ہیکہ انہوں نے جعلی پاسپورٹ کے ذریعہ بیرونی سفر کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے بہانے رقومات منتقل کئے تھے۔ سی بی آئی کے ایف آئی آر کی بنیاد پر ان کے خلاف کیس درج تھا۔