وگھریلو فتوحات کو بیرون ملک منتقل کرنا ہوگا:کوہلی

بنگلورو ۔29 ستمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی مسلسل 9 فتوحات کا سلسلہ گزشتہ رات آسٹریلیا کے خلاف یہاں کھیلے گئے رواں سیریز کے چوتھے ونڈے میں تھم گیا ہے اور ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے بھی محسوس کیا ہے کہ موجودہ ٹیم ہندوستان کی جانب سے اب تک کی سب سے بہترین ٹیم بن سکتی ہے لیکن اس کیلئے ٹیم کو موجودہ گھریلو فتوحات کو بیرون ملک بھی منتقل کرنا ہوگا کیونکہ بیرون ملک کی وکٹوں پر فتوحات حاصل کرتے ہوئے موجودہ ٹیم بہترین ٹیم کہلاسکتی ہے ۔ ویراٹ کوہلی کا بیان سابق عظیم کھلاڑی سنیل گواسکر کے حالیہ بیان کے بعد آیا ہے جس میں گواسکر نے کہاکہ موجودہ ٹیم ہندوستان کی جانب سے دنیائے کرکٹ کو دی جانیوالی اب تک کی سب سے بہترین ٹیم بن سکتی ہے ۔ ویراٹ کوہلی نے گواسکر کے اس بیان پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ یقینا عظیم کھلاڑی کی جانب سے کی جانے والی یہ تعریف بڑے اعزاز کی مانند ہے ۔ گزشتہ رات ہندوستان کو چوتھے ونڈے میں 21 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی جس کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کوہلی نے کہاکہ موجودہ ٹیم نے گھریلو میدانوں پر بہترین مظاہرے کئے ہیں لیکن ایک عظیم ٹیم بننے کیلئے اسے بیرونی وکٹوں پر بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ لیکن موجودہ نوجوان ٹیم کیلئے یہ ایک طویل سفر ہوگا ۔ کوہلی نے مزید کہاکہ بیرونی وکٹیں ہمارے لئے دشمن کی مانند ہوتی ہیں اور ہم یہاں حاصل کی جانے والی فتوحات کو اُن بیٹنگ کیلئے مشکل ترین وکٹوں پر منتقل کرتے ہوئے بہتر ٹیم بن سکتے ہیں۔ آسٹریلیا نے ہندوستان کی مسلسل 9 فتوحات کے سلسلے کو گزشتہ مقابلے میں توڑا ہے ، علاوہ ازیں نومبر 2003 ء کے بعد بنگلورو میں ہندوستان کی یہ پہلی شکست ہے اور حسن اتفاق سے آخری شکست بھی آسٹریلیا کے خلاف ہی اسے برداشت کرنی پڑی تھی ۔ کوہلی نے تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ بہترین ٹیم بننے کیلئے ایک طریقہ کار کو مسلسل دوہرانا پڑتا ہے اور مقابلہ بہ مقابلہ فتوحات کے سلسلے کو آگے بڑھانے میں استقلال کا مظاہرہ کرنا بھی ناگزیر ہے ۔ ہندوستانی کپتان نے گزشتہ مقابلے میں ٹیم انتظامیہ کے اس فیصلے کا بھی دفاع کیا جس میں بینچ پر بیٹھے چند کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا تھا جیسا کہ بھونیشور کمار اور جسپریت بومرا کو آرام دیتے ہوئے ان کے مقام پر محمد سمیع اور اُمیش یادو کو موقع دیا گیا ۔ آسٹریلیا نے اس موقع کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے پہلے بیٹنگ کے بعد 335رنز اسکور کئے ۔ اس ضمن میں کوہلی نے کہاکہ سیریز پر قبضہ ہونے کے بعد ہمیں اس موقع پر چند دیگر کھلاڑیوں کو آزمانا تھا اور یہی ہوتا ہے کہ سیریز کے حاصل ہوجانے کے بعد آرام کررہے چند کھلاڑیوں کو آزمایا جاتا ہے ۔ سمیع نے بہتر بولنگ کی جبکہ اُمیش نے 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔