وکیل استغاثہ کے تقرر کے خلاف مشرف کی درخواست مسترد

اسلام آباد 18اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) خصوصی عدالت نے جو سابق صدر پاکستان پرویز مشرف پر مقدمہ چلانے کیلئے قائم کی گئی تھی گذشتہ جمعہ اُن کی درخواست مسترد کردی جس میں وکلائے استغاثہ کی ٹیم کے صدر اکرم شیخ کو مقرر کرنے کے فیصلہ کو چیلنج کیا گیا تھا۔رجسٹرار عبدالغنی نے کہا کہ یہ درخواست ناقابل سماعت ہے اور ججس نے اسے مسترد کردیا ہے ۔ ڈان آن لائن کی خبر کے بموجب تین رکنی عدالت نے کہا کہ ہائی کورٹ نے 23 ڈسمبر 2013 کے اپنے فیصلہ میں اکرم شیخ کو وکیل استغاثہ اعلی مقرر کرنے کی توثیق کی تھی۔ 26 مارچ کو اکرم شیخ کے تقرر کو چیلنج کرتے ہوئے پیش کردہ مشرف کی درخواست پر فیصلہ عدالت نے محفوظ کردیا ۔ مشرف کے وکیل انور منصور خاں نے الزام عائد کیا کہ اکرم شیخ قبل ازیں سابق فوجی مرد آہن پر دستور کی دفعہ 6 کے تحت مقدمہ چلانے سے دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں۔ انہوں نے اکرم شیخ کے تقرر کو چیلنج کیا تھالیکن خصوصی عدالت نے آج اسے مسترد کردیا۔