وکٹوریہ، ووزنیاکی اور جارجز کو پہلے ہی راؤنڈ میں شکست

میڈرڈ ۔7 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) اسپین میں جاری میڈرڈ اوپن کا پہلا ہی مرحلہ سیڈڈ ویمنز پلیئرز کیلئے بھیانک خواب ثابت ہوا جب نمبر چھ سیڈ یوکرین کی ایلینا سویٹولینا، نمبر گیارہ سیڈ ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی،نمبر تیرہ سیڈ امریکہ کی میڈیسن کیز،نمبر پندرہ سیڈ چین کی چیانگ وانگ اور نمبر سولہ سیڈ جرمنی کی جولیا جارجز کا سفر تمام ہوگیا۔ نمبر دو سیڈ چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا نے فرانس کی کرسٹینا ملاڈینووچ،نمبر آٹھ سیڈ امریکہ کی سلون اسٹیفنز نے بیلاروس کی وکٹوریہ ازارینکا، قازقستان کی یولیا پوٹینٹسیوا نے فرانس کی پاؤلین پرمنٹیئر،نمبر سات سیڈ ہالینڈ کی ککی برٹینز نے لیٹویا کی یلینا اوسٹاپینکو اور نمبر بارہ سیڈ لیٹویا کی اناستاسیا سیواسٹووا نے رومانیہ کی میہائیلا بوزرنیسکو کیخلاف کامیابی کے بعد پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اسی ٹورنمنٹ کے مینز سنگل ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں امریکہ کے فرانسس ٹیافو نے نمبر چودہ سیڈ جارجیا کے نکولوز باسیلاشویلی کو 6-7،6-3 اور 6-4 سے شکست دے کر دوسرے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔ پہلے راؤنڈ کے دیگر میچوں میں کینیڈا کے فیلکس ایگر ایلیاسیمے نے ہم وطن ڈینس شاپووالوف،امریکہ کے ٹیلر فرٹز نے بلغاریہ کے گریگور ڈیمٹروف،نمبر نو سیڈ کروشیا کے مرین سلچ نے سلواکیہ کے مارٹن کلیزان،نمبر گیارہ سیڈ روس کے کیرن خاشانوف نے اسپین کے جاؤمے مونار،جرمنی کے فلپ کولشرائبر نے قازقستان کے میخائیل کوکوشکن،سربیا کے لیزلو ڈیرے نے ہم وطن ڈوسان لائیووچ اور امریکہ کے رلی اوپیلکا نے اسپین کے پابلو کیرینو بسٹا کو شکست دی ۔