وٹامنس کے بارے میں مفید معلومات

وٹامن اے : یہ دودھ ،انڈے، کلیجی، مچھلی اور دلیے وغیرہ میں پایا جاتا ہے۔ وٹامن اے جلد کی نشوونما میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
وٹامن بی : یوں تو وٹامن بی کی تمام اقسام جلد کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث ہوتی ہیں لیکن وٹامن بی 12 سب سے زیادہ مفید ہے۔ یہ جلد کو تر و تازہ، چمک دار اور جوان رکھتا ہے۔ گوشت، پنیر اور انڈے اسے حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
وٹامن سی : اس کا استعمال جلد کو جھریوں سے بچاتا ہے۔ یہ موسمی، نارنگی، لیموں اور امرود میں پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اسٹرابیری، پپیتا، پالک، بروکولی اور شکر قند وٹامن سی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
وٹامن ای : اس میں شامل اینٹی آکسیڈنٹس جلد کو سورج کی مضر شعاعوں سے بچانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں اور اسے تر و تازہ رکھتے ہیں۔ یہ بادام چلغوزے اور سورج مکھی کے بیجوں میں پایا جاتا ہے۔

آلو کے سیخ کباب
اجزاء :آلو آدھا کلو (اُبلے ہوئے) ،چاول کا آٹا : دو کھانے کے چمچ ،پودینہ آدھی گٹھی ،لال مرچ پسی : ایک کھانے کا چمچ ،ڈبل روٹی کے سلائس : دو عدد ،نمک : حسب ذائقہ ،ہری مرچ : دو عدد ، سیخ کباب مسالہ : ایک کھانے کا چمچ ، انڈے کی سفیدی : ایک عدد ، کٹی ہوئی کالی مرچ : ایک چائے کا چمچ ، تیل : حسب ضرورت
ترکیب :ابلے ہوئے آلو چھیل کر کانٹے کی مدد سے بھرتا بنائیں۔ اب اس میں چاول کا آٹا، کٹا پودینہ، پسی لال مرچ، ڈبل روٹی کے سلائس، نمک، کالی مرچ، ہری مرچ، سیخ کباب مسالہ اور انڈے کی سفیدی اچھی طرح ملائیں، پھر اس آمیزے کے سیخ کباب بنائیں اور گرلر پر ذرا سی چکنائی لگاکر سینک لیں۔ ساتھ ہی اوپر برش کی مدد سے ہلکا سا تیل لگا دیں۔ مزیدار آلو کے سیخ کباب پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں۔ ان کبابوں کو سیخ پر لگاکر بھی سینک سکتے ہیں۔

سوجی کا حلوہ
اجزاء : سوجی : ایک پاؤ،گھی : ڈیڑھ پاؤ،چینی : سوا کلو ،میدہ : حسب ضرورت ،چھوٹی الائچی : حسب پسند
ترکیب :پہلے تمام میوہ جات کاٹ کر رکھ لیں، پھر شکر کا قوام بنائیں۔ قوام اتنا ہی سخت رکھیں جتنا کہ حلوہ سخت رکھنا ہو۔ گھی میں الائچی ڈال کر سوجی کو ہلکی آنچ پر بھونیں۔ جب سرخی آجائے اور خوشبو دینے لگے تو تمام میوے بھی ملا دیں۔ پھر قوام ملاکر ہلکی آنچ پر بھونیں۔ جب سوجی گھی چھوڑ دے تو چند قطرے کیوڑہ ایسنس ملاکر حلوے کو کسی بڑی ٹرے میں جمالیں۔ اسے چاندی کے ورق اور بادام، پستے کی ہوائیوں سے سجائیں اور چھری کی مدد سے حسب پسند قتلیاں تراش لیں۔ ٹھنڈا ہوجانے پر احتیاط کے ساتھ قتلیاں نکال لیں۔