ووٹوں کی گنتی کے بعد مودی ٹیم کو شکست یقینی: چندرا بابو

حیدرآباد ۔ 11 مئی (سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و کارگزار چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ 23 مئی کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے ذریعہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی ٹیم کو ملک کے عوام یقینی طور پر مسترد کردیں گے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئیٹ کے ذریعہ اس بات کو واضح کیا اور بتایا کہ امپائرس کو نہ رہنے جیسے کرکے ریفری سسٹم کو مکمل تباہ کرنے جیسا رویہ مودی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے پھر ایک بار اس بات کا اعادہ کیا کہ ووٹوں کی گنتی کے بعد مودی ٹیم کی بہرصورت شکست یقینی ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ قواعد و ضوابط کے مطابق بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنے والی نئی ٹیم کا ملک کے عوام ہی انتخاب کر لیکر ملک میں جمہوریت کا تحفظ کرنے کے اقدامات کریں گے۔ چندرا بابو نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں وی وی وی پیاٹس سلپس کی گنتی کے مسئلہ پر جاری اپنی جدوجہد پر واضح طور پر کہا کہ یہ جدوجہد کسی کے خلاف نہیں بالخصوص مرکزی الیکشن کمیشن کے خلاف نہیں بلکہ عہدیداروں کی جانبداری و آمریت امتیاز برتنے کے ساتھ ساتھ لاپرواہی برتنے کے طریقہ کار کے خلاف ہے یہی نہیں بلکہ نریندر مودی، امیت شاہ پر ماڈل کوڈ کا مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے نفاذ نہ کرنے کے خلاف ہی ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ مسٹر نائیڈو نے اپنی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی فائدے کیلئے طویل عرصہ قبل موت واقع ہونے والے سیاسی قائدین ہی نہیں بلکہ بالآخر ان قائدین کے افراد خاندان کی توہین کرنے کیلئے بھی مودی نے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ قومی صدر تلگودیشم پارٹی نے وزیراعظم کو پھر ایک بار ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ محکمہ دفاع اور فوج کا استعمال کرکے مذاہب کے مابین تفرقہ پیدا کرکے سیاسی قیادت کو ختم کرنے سے بھی مودی ہرگز گریز نہیں کریں گے اور اس طرح کا ٹریک ریکارڈ رکھنے والے مودی دوسروں کو دیانتداری کا درس دے رہے ہیں۔