ووٹوں کی گنتی مکمل، زعفرانی پارٹی کو303 ، کانگریس کو 52 نشستیں

نئی دہلی 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات میں زائداز 300 نشستوں پر کامیابی کے بعد بی جے پی جمعہ سے حکومت سازی کے عمل پر تبادلہ خیال کا آغاز کرچکی ہے۔ دوسری طرف کانگریس اپنی بدترین ہزیمت کے بعد مختلف ریاستی قائدین کی طرف سے اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دیئے جانے والے استعفوں کے انبار سے نمٹنے میں مصروف ہے۔ اس دوران لوک سبھا کی 543 کے منجملہ 542 نشستوں کے لئے ہوئے انتخابات اور ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کا اعلان قریب الختم ہے۔ اب تک کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نریندر مودی کی زیرقیادت بی جے پی 303 نشستیں جیت چکی ہے۔ اور ایک پر اُس کو سبقت حاصل ہے۔ اس بھاری بھر کم فتح کے بعد اس کے قائدین دوسری میعاد کے لئے حکومت سازی کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی جمعرات کی صبح شروع ہوئی تھی۔ کانگریس کو صرف 52 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوسکی ہے۔ یہ تعداد پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں اپوزیشن لیڈر کے عہدہ کے لئے درکار ارکان کی تعداد سے دو کم ہے۔