ووٹر لسٹ میں ایک سے زائد نام پر ایک سال سزا

بھاری جرمانہ کی بھی گنجائش ۔ کمشنر بلدیہ ڈاکٹر جناردھن ریڈی
حیدرآباد۔30نومبر ( سیاست نیوز) فہرست رائے دہندگان میں ایک ہی رائے دہندے کا ایک سے زائد مرتبہ نام ہونے پر اسے ایک سال کی سزا ہوسکتی ہے ۔1950 کے ایکٹ سیکشن 31 کے تحت ایک سے زائد حق رائے دہی رکھنے والے ووٹرس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف سزا دلوائی جاسکتی ہے بلکہ بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ کمشنر بلدیہ حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے آج میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ 12ڈسمبر سے قبل بلدی انتخابات کے انعقاد کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور اس سلسلہ میں ریٹرننگ آفیسر و اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کے تقرر و تربیت کا عمل مکمل کیا جائیگا ۔ ریاستی الیکشن کمشنر کی جانب سے یکم ڈسمبر کو جے این ٹی یو میں آر اوز اور اے آر اوز کی تربیت کا آغاز عمل میں آئے گا جس کی نگرانی مسٹر وی ناگی ریڈی ریاستی الیکشن کمشنر کریں گے ۔ ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے بتایا کہ شہری فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کی شمولیت کیلئے اعلامیہ کی اجرائی تک درخواستیں داخل کرسکتے ہیں ۔ 70ہزار بوتھ لیول آفیسرس کے ذریعہ بی سی ووٹرس کی نشاندہی کا عمل مکمل کروالیا گیا ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ 28اکٹوبر سے قبل کی تعمیرات کیلئے جی پی ایس اور ایل آر ایس اسکیم کارگر رہے گی اور بلدیہ نے 28اکٹوبر تک کے گول میاب محفوظ کرلئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 28 اکٹوبر کے بعد ہونے والی تعمیرات کو جی پی ایس و ایل آر ایس میں شامل نہیں کیا جائے گا ۔