ونزارا کی آج جیل میں ہی سبکدوشی

احمد آباد /30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے آئی پی ایس عہدہ دار ڈی جی ونزارا جو فرضی انکاؤنٹر مقدمات کے سلسلے میں جیل میں محروس ہیں، کل جیل میں ہی اپنے عہدہ سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ محکمہ پولیس میں 34 سال خدمات انجام دینے کے بعد معطل عہدہ دار کو گزشتہ 7 سال سے محروس رکھا گیا تھا۔ وہ سابرمتی سنٹرل جیل میں مقید ہیں۔ جیل کے ایک سینئر عہدہ دار نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ونزارا 31 مئی کو ریٹائرڈ ہو رہے ہیں، تاہم کسی سرکاری عہدہ دار کی سروس کے آخری دن روایتی وداعی پروگرام کی طرح ان کے ساتھ ایسا کوئی معاملہ نہیں رکھا جائے گا۔ 59 سالہ ونزارا مارچ 2007ء میں سہراب الدین شیخ فرضی انکاؤنٹر کیس کے سلسلے میں گرفتاری کے بعد سے جیل میں ہیں۔ انھیں عشرت جہاں، تلسی رام پرجاپتی، صادق جمال اور دیگر کے فرضی انکاؤنٹر کے سلسلے میں بھی ماخوذ کیا گیا ہے۔