ولیعہد شہزادہ سعودی عرب کا 19 مارچ کو دورۂ واشنگٹن

ریاض۔ 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان 19 تا 22 مارچ امریکہ کا دورہ کریں گے۔ پہلی بار کسی سعودی ولیعہد کا یہ دورۂ امریکہ ہوگا۔ اس دورہ کا امریکہ کو عرصہ سے انتظار ہے۔ 7 مارچ کو ولیعہد شہزادہ سعودی عرب برطانیہ کا دورہ کریں گے اور وزیراعظم تھریسامے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے میزبان ہوں گے۔ ٹرمپ کے صدر امریکہ بننے کے بعد کسی سعودی ولیعہد شہزادہ کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ شہزادہ محمد جون 2017ء میں ولیعہد مقرر کئے گئے ہیں۔ امکان ہے کہ وہ آئندہ ہفتوں میں فرانس کا بھی دورہ کریں گے۔ سرکاری ذرائع نے شہزادہ محمد کے دورہ امریکہ کے بارے میں کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ سعودی عرب ، امریکہ کا دیرینہ قریبی حلیف ہے اور ایران کا کٹر حریف ہے۔ اسلحہ کی فروخت کے بارے میں سعودی عرب کے نرم موقف کا سعودی عرب کی پالیسی میں تبدیلی سمجھا جاتا ہے اور اس کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔