وقف بورڈ کی 13 ٹیمیں اضلاع کے دورے پر روانہ

اراضی سروے میں اوقافی جائیدادوں کا ریکارڈ پیش کیا جائے گا
حیدرآباد ۔ 31۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاری اراضی سروے میں اوقافی جائیدادوں کی نشاندہی اور تحفظ کیلئے وقف بورڈ سے 13 مختلف ٹیمیں اضلاع کو روانہ کی گئی ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے منڈل سطح پر اوقافی جائیدادوں کا ریکارڈ تیار کرتے ہوئے خصوصی ٹیموں کی تشکیل کی ہدایت دی تھی۔ یہ ٹیمیں مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے سروے میں شامل ریونیو عہدیداروں کو وقف ریکارڈ حوالے کریں گی۔ وقف بورڈ سے آج 13 گاڑیوں کے اس قافلہ کو روانہ کیا گیا۔ ہر ٹیم کو دو یا تین اضلاع کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اراضی سروے کا کام ڈسمبر تک جاری رہے گا ، لہذا وقف بورڈ نے اپنی تمام اراضیات کے تحفظ کا فیصلہ کیا ہے۔ وقف ریکارڈ کے مطابق تلنگانہ میں 74 ہزار ایکر اوقافی اراضی موجود ہے۔ منڈل کی سطح پر تیار کیا گیا ریکارڈ متعلقہ ضلع کلکٹر کے علاوہ آر ڈی او اور ایم آر او کے حوالے کیا جائے گا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ریکارڈ کی تیاری کا کام مکمل کرایا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے پاس منعقدہ جائزہ اجلاس میں وقف بورڈ کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ منڈل کی سطح پر ریکارڈ تیار کرے تاکہ ریونیو عہدیداروں کو وقف اراضی کی نشاندہی میں سہولت ہو۔ محمد سلیم نے کہا کہ 80 برسوں میں پہلی مرتبہ جامع اراضی سروے شروع کیا گیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس سروے میں اوقافی اراضیات کا تحفظ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر سروے کے دوران مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے ۔ ریونیو عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے اوقافی اراضیات کی نشاندہی کریں گے۔ حیدرآباد میں مسجد عالمگیر خانم میٹ کو آباد کرنے کیلئے صدرنشین وقف بورڈ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ مسجد کے تحت ایک ایکر سے زائد اراضی کے تحفظ میں کامیابی کے بعد مسجد کی تعمیر و تزئین نو کا فیصلہ کیا گیا ۔ گزشتہ 50 برسوں سے یہ قیمتی اراضی غیر محفوظ تھی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے پولیس عہدیداروں کے تعاون سے مکمل اراضی کی حصار بندی کا کام مکمل کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ اندرون ایک ہفتہ مسجد میں باقاعدہ نماز کا آغاز ہوجائے گا ۔ بورڈ کی جانب سے مقامی افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی اس کے علاوہ امام اور موذن کا تقرر بھی عمل میں آئے گا۔ انہوں نے عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کے موقف کے بارے میں اسٹانڈنگ کونسلس سے رپورٹ طلب کی۔