وقف بورڈ کیلئے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر کا تقرر

محمد اسداللہ نئے سی ای او مقرر، پرنسپل سکریٹری کے احکامات
حیدرآباد۔/31جنوری، ( سیاست نیوز) وقف بورڈ کیلئے آخر کار حکومت نے چیف ایکزیکٹیو آفیسر مقرر کردیا ہے۔ ڈپٹی کلکٹر رینک کے عہدیدار محمد اسد اللہ وقف بورڈ کے نئے چیف ایکزیکیٹو آفیسر ہوں گے۔ وہ فی الوقت چیف کمشنر لینڈ اڈمنسٹریشن کے دفتر میں اسسٹنٹ سکریٹری ( کے آر آر سی) کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ پرنسپال سکریٹری ریونیو راجیشور تیواری نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے اور ان کی خدمات محکمہ اقلیتی بہبود کے حوالے کی گئیں۔ واضح رہے کہ وقف بورڈ میں گزشتہ چار ماہ سے چیف ایکزیکٹیو آفیسر کا عہدہ خالی تھا جس کے باعث روز مرہ کے کام کاج میں رکاوٹ ہورہی تھی۔ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب جلال الدین اکبر کی توجہ دہانی پر ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے ڈپٹی کلکٹر رتبہ کے عہدیدار کو بحیثیت چیف ایکزیکیٹو آفیسر مقرر کرنے کی مساعی کی اور محمد اسد اللہ کا نام چیف منسٹر کے دفتر روانہ کیا گیا۔ تاہم وہاں فائیل کی منظوری میں بعض وجوہات سے تاخیر ہوئی۔ فائیل کے لاپتہ ہونے سے متعلق خبر کی روز نامہ ’سیاست‘ میں اشاعت کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر نے چیف سکریٹری سے نمائندگی کی جس کے بعد محمد اسد اللہ کے نام کو منظوری حاصل ہوگئی۔ واضح رہے کہ ایم اے حمید جو چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ تھے ان کا چار ماہ قبل محبوب نگر تبادلہ کردیا گیا جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔ وقف بورڈ میں اگرچہ ڈپٹی کلکٹر رینک کا کوئی عہدیدار نہیں جس کے باعث اس عہدہ کی ذمہ داری وقف بورڈ کے لاء آفیسر سلطان محی الدین کو دی گئی تھی۔
سلطان محی الدین لاء آفیسر کے علاوہ اکاؤنٹس آفیسر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر کے عہدہ کیلئے ضروری ہے کہ ڈپٹی کلکٹر رینک کا عہدیدار ہو۔ توقع کی جارہی ہے کہ محکمہ ریونیو سے تعلق رکھنے والے عہدیدار کی تعیناتی سے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں مدد ملے گی۔