وشاکھا پٹنم ، وجئے واڑہ میں میٹرو ریل

تروپتی میں بھی میٹرو ریل کی تجویز ، چندرا بابو نائیڈو کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( پی ٹی آئی ) : حکومت آندھرا پردیش وشاکھا پٹنم اور وجئے واڑہ ، گنٹور ، تنالی ، منگلا گیری علاقے کے درمیان دو میٹرو ریل پراجکٹ کی تکمیل کے علاوہ مندروں کے شہر تروپتی کے لیے میٹرو ریل پراجکٹ کی تجویز رکھتی ہے ۔ ان پراجکٹس کو تین تا ساڑھے تین سال کے عرصہ میں مکمل کیا جائے گا ۔ ریاستی حکومت نے ان میٹرو ریل پراجکٹس کے لیے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے اہم مشیر ای سری دھرن کا تقرر عمل میں لایا ہے ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس سلسلہ میں سری دھرن کے ہمراہ ایک اجلاس منعقد کیا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ریاستی حکومت دوپراجکٹس کی تکمیل کے بعد تروپتی میٹرو ریل پراجکٹ کا آغاز کرے گی ۔ چیف منسٹر نائیڈو نے سری دھرن سے اس سلسلہ میں ایک تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کی خواہش کی ۔ سری دھرن نے چیف منسٹر کو اس بات کا تیقن دیا کہ ڈی ایم آر سی اس سلسلہ میں تمام تر تعاون کرے گی ۔ چیف منسٹر کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں ریاستی چیف سکریٹری آئی وائی آر کرشنا راؤ اور مشیر رابطہ ریاستی حکومت ڈاکٹر پرکالہ پربھاکر بھی موجود تھے ۔۔