وزیر داخلہ برطانیہ کی جانب سے عالمی جنگوں میں سکھ فوجیوں کے کردار کی ستائش

لندن۔ 30؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ عالمی جنگوں اول و دوم میں سکھ فوجیوں کی جرأت و دلیری کے مظاہرے کی ستائش کرتے ہوئے وزیر داخلہ برطانیہ نے کہا کہ سکھ فوجی ایسے ہیرو ہیں جنھوں نے گمنام رہتے ہوئے آزادی کے لئے اپنی جانیں قربان کردی ہیں۔ ہم ایسے تمام نامعلوم فوجیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ برطانیہ تھیریسامے نے سکھ فوجیوں کو بے خوف اور بے جگر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان فوجیوں نے عالمی تاریخ میں اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ناانصافی، جبر اور ظلم کے خلاف جرأت کے ساتھ جنگ کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حاضرین کو یاد رکھنا چاہئے کہ ایسے گمنام ہیروز بھی تھے جنھوں نے اپنی جان قربان کرتے ہوئے برطانیہ کو آزادی دی ہے۔ ہم سب کو چاہئے کہ انھیں خراج عقیدت پیش کریں۔ وہ دبئی میں قائم این آر آئی سریندر سنگھ کشمیری کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ عالمی جنگوں کے دوران سکھ فوجیوں کی دلیری کے کارنامے وکٹوریا کراس تمغہ عطا کرتے ہوئے برطانیہ کی جانب سے پہلے ہی تسلیم کئے جاچکے ہیں۔