وزیر اعظم مودی کا‘ 7 اگسٹ کو بی جے پی ورکرس سے خطاب

حیدرآباد 30 جولائی ( پی ٹی آئی ) وزیر اعظم نریندرمودی 7 اگسٹ کو اپنے اولین دورہ تلنگانہ کے موقع پر بی جے پی کے بوتھ سطح کے ورکرس سے خطاب کرینگے ۔ مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی حیدرآباد کے لا ل بہادر اسٹیڈیم میں بی جے پی کے بوتھ سطح کے ورکرس کے اجلاس سے خطاب کرینگے ۔ وہ این ڈی اے حکومت کی مختلف اسکیمات اور فلاح و بہبود کے اقدامات کی وضاحت کرینگے ۔ وزیراعظم راماگنڈم ( ضلع کریمنگر ) میں 1600 میگاواٹ کے تھرمل پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ 1200 میگاواٹ کے سنگارینی پلانٹ ضلع عادل آباد کو قوم کے نام معنون کرینگے ۔ مسٹر دتاتریہ نے کہا کہ وزیر اعظم ریاستی حکومت کے پروگرام مشن بھاگیرتا کا افتتاح گجویل میں انجام دینگے اور وہیں سے دوسرے پروگراموں میں حصہ لینگے ۔ مسٹر دتاتریہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ انہیں امید ہے کہ اہمیت کے حامل جی ایس ٹی بل کو پارلیمنٹ کے جاریہ سشن کے دوران ہی منظور کرلیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس مسئلہ پر دوسری جماعتوں کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور ان سے تائید حاصل کرنے بات چیت کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر حکومت کانگریس کے ساتھ بھی بات چیت کر رہی ہے ۔