وزیر آبپاشی ہریش راؤ کا اچانک دورہ جل سودھا

ملازمین کی حاضری کا جائزہ ، وقت کی پابندی کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے آج ارم منزل میں واقع محکمہ آبپاشی کے دفاتر جل سودھا کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے وہاں عہدیداروں اور ملازمین کی حاضری کا جائزہ لیا اور رجسٹر حاضری کی جانچ کی۔ انہوں نے فائلوں کی یکسوئی اور ان کی پیشرفت سے متعلق خصوصی رجسٹرس کا بھی معائنہ کیا۔ ہریش راؤ نے بعض ملازمین کی تاخیر سے آمد پر برہمی کا اظہار کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ دفاتر کے اوقات کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اور عہدیداروں کے تساہل کے سبب محکمہ کا کام متاثر ہوتا ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ انتہائی شفافیت کے ساتھ فائلوں کی یکسوئی کریں اور ان کی بروقت روانگی کو یقینی بنائیں۔ عہدیداروں نے ہریش راؤ کو تیقن دیا کہ ملازمین کی بروقت آمد اور حاضری کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے محکمہ کی کارکردگی میں شفافیت کیلئے وزیر آبپاشی کو بعض تجاویز پیش کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ جس وقت ہریش راؤ معائنہ کیلئے پہنچے ، اس وقت ملازمین کی کئی نشستیں خالی تھیں جس پر ہریش راؤ نے ناراضگی کا اظہار کیا۔