وزیرستان اور خیبر میں 48 شدت پسند ہلاک

پشاور ۔19 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے قبائلی علاقوں شمالی وزیرستان اور خیبرایجنسی میں جاری آپریشن ضربِ عضب کے دوران پاک فوج کی فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں مزید 48 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ فورسز نے دہشت گردوں کے 12 مبینہ ٹھکانے بھی تباہ کردیئے ہیں۔ میڈیا نے عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاک فوج کے جیٹ طیاروں نے خیبر ایجنسی کی وادی تیرہ کے علاقے کوکی خیل میں دہشت گردوں کے اہم ٹھکانے تباہ کر دیئے، جس کے نتیجے میں چھ مبینہ عسکریت پسند ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔نمائندے کے مطابق جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے مختلف علاقوں میں بھی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 12 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ عسکریت پسندوں کے دس مبینہ ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) نے بھی شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں پاک فوج کی فضائی کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں کے بارہ مبینہ ٹھکانے تباہ کرنے کی تصدیق کی ہے، جس کے نتیجے میں 18مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق عسکریت پسندوں کے 5 ٹھکانے خیبر ایجنسی جبکہ 7 ٹھکانے شمالی وزیرستان میں تباہ کیے گئے۔