وزیرداخلہ محمود علی کا سشما سوراج کو مکتوب

لندن کے مقتول ندیم الدین کی ساس کو ویزا کی درخواست
حیدرآباد 11 مئی (سیاست نیوز) وزیرداخلہ محمد محمود علی نے لندن میں مقتول حیدرآبادی نوجوان محمد ندیم الدین کے افراد خاندان سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے واقعہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ اُنھوں نے حیدرآبادی نوجوان کے لندن میں قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیرداخلہ نے پسماندگان کو تیقن دیا کہ حکومت کی جانب سے جو کچھ ممکن ہو تعاون کیا جائے گا۔ ارکان خاندان کی خواہش پر محمد ندیم الدین کی ساس کو لندن بھیجنے کے لئے وزیرداخلہ نے وزیر خارجہ سشما سوراج کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ مقتول ندیم الدین کی اہلیہ 8 ماہ کی حاملہ ہیں اور اگلے مہینے اُن کی ڈیلیوری متوقع ہے۔ اِن حالات میں اُن کی والدہ کا ساتھ رہنا ضروری ہے۔ محمود علی نے سشما سوراج سے درخواست کی کہ ندیم الدین کی ساس عائشہ سلطانہ کے لئے لندن ویزا کا انتظام کریں۔ عائشہ سلطانہ کے تمام دستاویزات وزارت خارجہ نئی دہلی روانہ کردیئے گئے۔ محمود علی نے سشما سوراج سے اپیل کی کہ وہ انسانی بنیادوں پر اِس خاندان کی مدد کے لئے آگے آئیں تاکہ مقتول کی ساس کے لئے ویزا کا انتظام ہو اور وہ لندن میں اپنی دختر کے پاس ڈیلیوری کے وقت موجود رہ سکیں۔