وزیراعلیٰ مہاراشٹرا چوہان کی سونیا گاندھی سے ملاقات

نئی دہلی ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعلیٰ مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان اور ریاستی کانگریس سربراہ مانک راؤ ٹھاکرے نے آج پارٹی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ یاد رہے کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی شکست فاش کے پس منظر میں یہ ملاقات کی جارہی ہے۔ دوسری طرف ایک ریاستی لیڈر نے کہا کہ ملاقات لیجسلیٹیو کونسل امیدواروں کے مدعے پر ہورہی ہے جبکہ پارٹی قیادت پر اس اجلاس میں کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوگا۔ اس اجلاس میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری موہن پرکاش اور صدر کانگریس سونیا گاندھی کے سیاسی سکریٹری احمد پٹیل بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ ریاستی لیجسلیچر کے ایوان بالا کے کانگریس پونے ٹیچرس، ناگپور گریجویٹ اور امراوتی ٹیچرس حلقہ انتخاب میں مقابلہ کررہی ہے۔ 16 مئی کو جو انتخابی نتائج پیش کئے گئے تھے، اس میں کانگریس کو ریاست میں 48 کے منجملہ صرف 2 نشستوں پر کامیابی ملی تھی۔ نتائج کے فوری بعد وزیراعلیٰ چوہان نے شکست کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ دوسری طرف گذشتہ ہفتہ پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا تھا کہ اب جبکہ مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخابات اندرون چھ ماہ منعقد ہونے والے ہیں، وہیں کانگریس کو اب یہ سوچنا چاہئے کہ اس سے کہاں غلطی ہوئی اور ان کو سدھارنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ یاد رہیکہ کانگریس کی شکست فاش سے پارٹی کے تقریباً ہر بڑے لیڈر کو زبردست دھکا لگا ہے اور اب وہ یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ کانگریس کی پالیسیاں واقعتاً عوام مخالف تھیں۔