وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی لینے الیکشن کمیشن سے مطالبہ

زیڈ ، وائی سکیورٹی کیساتھ سفر کرنے والے وزراء رقومات لارہے ہیں : ممتا بنرجی
حسن آباد۔ 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے ہفتہ کو الزام عائد کیا کہ بی جے پی ووٹ خریدنے کیلئے دولت کا استعمال کررہی ہے اور مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اور مرکزی وزراء کے زیراستعمال ہیلی کاپٹروں کے بشمول تمام گاڑیوں کی الیکشن کمیشن کی طرف سے مکمل تلاشی لی جائے۔ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کو مشورہ دیا کہ نہ صرف تمام گاڑیوں کی تلاشی لی جائے اور اگر ضروری ہو تو زیراستعمال ہیلی کاپٹروں کی بھی تلاشی لی جائے۔ ممتا بنرجی نے بیرونی افراد کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ زیڈ اور وائی زمرہ کی سکیورٹی کے تحت سفر کرنے والے مرکزی وزراء اپنی گاڑیوں میں رقومات لارہے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کے مختلف مرحلوں سے قبل وزیراعظم نریندر مودی کے متواتر اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’وہ بار بار بنگال کیوں آرہے ہیں؟‘‘ وہ عوام میں پھوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔ وہ عوام میں تقسیم کرنے کیلئے رقومات کا انبار لئے آتے رہے ہیں‘۔ ممتا بنرجی جو مودی کے کٹر ناقدین میں شامل ہیں، مزید کہا کہ ’میں الیکشن کمیشن سے درخواست کرتی ہوں کہ برائے مہربانی میری کار میرا ہیلی کاپٹر کی بھی تلاشی لیجئے، لیکن اس کے ساتھ تمام مرکزی وزراء کی کاریں اور ہیلی کاپٹروں کی بھی تلاشی لی جائے۔ انہیں استثنیٰ نہیں دیا جاسکتا۔ وہ (مرکزی وزراء) حتی کہ زیڈ اور وائی زمرہ کی سکیورٹی کے ساتھ سفر کرتے ہیں اور اپنی گاڑیوں میں رقومات لایا کرتے ہیں‘۔