وزیراعظم کے دورہ فلسطین نے ثابت کر دیا کہ ان کی نظروں میں فلسطین ایک الگ ملک کی حیثیت رکھتاہے: سراج الدین قریشی

نئی دہلی: انڈیا اسلاٹک کلچر سنٹر کے صدر سراج الدین قریشی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب لکھ کر فلسطین کا اعلی ترین اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ سراج الدین نے وزیر اعظم کا اس امر کے لئے بھی شکر ادا کیا کہ بطور ہندوستانی وہ پہلے شخص ہیں جس نے فلسطین کا باضابطہ دورہ کیا ہے۔

سراج الدین نے میڈیا سے بات کر تے ہوئے کہا کہ اہمیت اس بات کی نہیں ہے کہ کس ملک کا دورہ پہلے یا بعد کے جائے بلکہ اہمیت اس بات کی ہے کہ فلسطین کے دورہ کو اسرائیل کے دورہ سے الگ رکھا گیا اور اس کے لئے باضابطہ تاریخ رکھ کر اور باہمی دلچسپی کے امورکوسامنے رکھ کر دورہ ترتیب دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے ۔

اس سے واضح ہوتا ہے کہ ہندوستانی حکومت فلسطین کو باقاعدہ ایک ملک کے طور پر اہمیت او تر جیح دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ فلسطین کے صدر محمود عباس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو فلسطین کا سب سے اعلی ترین اعزاز دیا۔

انھوں نے اس مکتوب میں محمود عباس کا بھی شکر ادا کیا کہ انھوں نے مودی کو یہ اعزاز عطا کیا ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے حالات جس نہج پر جا رہے ہیں ا س میں ہندوستان کی طرف سے فلسطین کو الگ سے اہمیت دینا اس امر کا غماز ہے کہ ہندوستان کی فلسطین پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے بلکہ اس میں اور مضبو طی آئی ہے۔