وزیراعظم کے دورہ جمو ں و کشمیر پر کئی مراحل کے حفاظتی انتظامات

جموں ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کئی مرحلوں پر مشتمل حفاظتی انتظامات وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ جموں و کشمیر کے موقع پر کئے جائیں گے جبکہ سرحد پر پہلے ہی چوکسی کا اعلان کردیا گیا ہے اور ریاست گیر سطح پر سرکاری عمارتوں کے پاس حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ وزیراعظم ہندوستان کی طویل ترین سرنگ کا جو ضلع ادھم پور کے علاقہ چینانی میں تیار کی گئی ہے، افتتاح کریں گے۔ حفاظتی انتظامات میں وسیع پیمانے پر فوجی تعیناتی چوکیوں اور سرحد پر نگرانی اور چوکسی سرکاری عمارتوں پر حفاظتی انتظامات شامل ہیں۔ ڈی جی پی ایس پی وید نے کہا کہ وہ صیانتی انتظامات سے مطمئن ہیں لیکن ادھم پور کے وزیراعظم کے دورہ پر حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔
نروڈاگام مقدمہ کی ملزم کوڈنانی کا صدر بی جے پی امیت شاہ کو عدالت میں طلب کرنے کا مطالبہ
احمدآباد ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق ریاستی وزیر مایاکوڈنانی نے خصوصی ایس آئی ٹی عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ اور دیگر 13 افراد کو یہ ثابت کرنے کیلئے کہ نروڈاگام قتل عام کے موقع پر وہ شہر میں موجود نہیں تھیں، طلب کیا جائے۔ انہیں گجرات فسادات کے نروڈاپاٹیا قتل عام مقدمہ کے سلسلہ میں 28 سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی۔ وہ فی الحال ضمانت پر رہا کی گئی ہیں۔