وزیراعظم کی تریپورہ میں انتخابی مہم کی تیاری

اگرتلہ ۔ 31جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی تریپورہ کا دو مرتبہ دورہ کریں گے جہاں وہ دو انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ 18 فبروری کو منعقدہ اسمبلی انتخابات سے قبل وہ ضلع اُنا کوٹی اور شانتیر بازار جنوبی تریپورہ کادورہ کریں گے اور وہ 15 فبروری کو بھی پھر ایک مرتبہ اس ریاست کا دورہ کرتے ہوئے جلسۂ عام سے خطاب کریں گے ۔ پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ بھی بی جے پی کے حمایتی اُمیداروں کے حق میں ایک ہفتہ تک انتخابی مہم چلائیں گے ۔ بی جے پی کی دیسی پیپلز فرنٹ آف تریپورہ سے اتحاد ہوا ہے ۔ 60 رکنی اسمبلی انتخابات کے لئے 18 فبروری کو رائے دہی ہوگی اور 3 مارچ کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ تریپورہ کا دورہ کرتے ہوئے امیت شاہ ، میگھالیہ اور ناگالینڈ بھی جائیں گے جہاں 27 فبروری کو اسمبلی انتخابات مقرر ہے ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ ان اسمبلی انتخابات کے لئے بی جے پی کے 40 اعلیٰ قائدین بھی انتخابی مہم چلائیں گے ۔ ان میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ، وزیر دفاع نرملا سیتارامن ، وزیر خارجہ سشما سوراج ، چیف منسٹر یوپی آدتیہ ناتھ یوگی اور مختار عباس نقوی قابل ذکر ہیں۔