وزیراعظم کا 15نکاتی پروگرام‘ مسلمانوں کیلئے علحدہ فنڈ نہیں

نئی دہلی۔19جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکز نے وزیراعظم کے نئے 15نکاتی پروگرام میں مسلمانوں کی بہبود کیلئے کوئی علحدہ فنڈس مختص نہیں کئے ہیں ۔ حق معلومات قانون RTI کے تحت پوچھے گئے ایک سوال سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ وزیراعظم کے پروگرام میں مسلمانوں کیلئے کچھ نہیں ہے ۔ وزارت اقلیتی اُمور نے آر ٹی آئی کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیراعظم کے 15نکاتی پروگرام میں اقلیتوں کی بہبود کیلئے کوئی علحدہ بجٹ نہیں ہے  جو کچھ بجٹ مقرر کیا گیا ہے اس میں سے قابل لحاظ رقم اقلیتی آبادی والے علاقوں میں مختلف اسکیمات کے تحت استعمال کیا جائے گا ۔ مرادآباد کے ایک کارکن  نے اسکیمات کے تعلق سے معلومات حاصل کرنے کیلئے درخواست دی تھی ۔ وزیراعظم کے 15نکاتی پروگرام کا 2005ء میں یو پی اے حکومت کی جانب سے آغاز ہوا  تھا ۔ یہ ایک اہم ترین پروگرام ہے جس میں مختلف محکموں اور وزارتوں کی جانب سے تیار کردہ اسکیمات اور اقدامات کا ذکر ہے ۔ اقلیتی اُمور کی وزارت بھی اس میں شامل ہے ۔