وزیراعظم نواز شریف کا آج دورۂ ترکی

اسلام آباد۔ 27 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نامزد ترک صدر رجب طیب اردگان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے جمعرات کو انقرہ روانہ ہوں گے۔ انہیں تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق نامزد ترک صدر رجب طیب اردگان جمعرات کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ انہوں نے بھاری اکثریت سے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔نواز شریف وہ پہلے عالمی راہنماء ہیں جنہوں نے طیب اردگان کی کامیابی پر انہیں سب سے پہلے مبارکباد دی تھی۔ وزیر اعطم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ اگر وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے نہ گئے تو پھر ان کی جگہ صدر مملکت ممنون حسین جائیں گے۔